
اسلام آباد۔22مارچ (اے پی پی):صدر آزادکشمیرسردار مسعود خان نے یوم قرارداد پاکستان کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہ دن ہے جس نے نہ صرف مسلمانان برصغیر کی جدوجہد کی راہ متعین کی بلکہ اسی دن اہلیان کشمیر نے امیر ملت مولانا غلام حیدر خان جنڈالوی کی قیادت میں مستقبل کے نئے اسلامی ملک ”پاکستان“ سے وابستہ کرنے کا عظیم اور تاریخی فیصلہ کیا اور پھر آج 81برس گزر جانے کے باجود کشمیری اپنے قائد کے کیے گئے اس فیصلے کی پاسداری کر رہے ہیں۔ یوم پاکستان کے موقع پر جاری کئے گئے خصوصی پیغام میں صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ بلا شبہ کشمیریوں کی آخری منزل پاکستان ہے اور اس منزل کے حصول کے لئے کشمیریوں کا سفر جاری و ساری رہے گا۔
علامہ محمد اقبال کے افکار سے متاثر امیر ملت مولانا غلام حیدر خان جنڈالوی نے آٹھ دہائیاں قبل قائد اعظم محمد علی جناح سے کشمیر کو پاکستان کے ساتھ شامل کرنے کا جو وعدہ کیا تھا وہ وعدہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی اساس اور کشمیری قوم کے سفر میں اس کے لئے مشعل راہ بھی ہے۔ صدر ریاست نے اپنے پیغام میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیریوں کا ہندوستان سے آزادی اور الحاق پاکستان کے لئے جدوجہد کا سفر تمام تر مشکلات اور سازشوں کے باوجودی جاری و ساری رہے گا اور جلد کشمیری اپنی منزل حاصل کرلیں گے۔