صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان ہسپانوی سرمایہ کاروں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

67

اسلام آباد ۔ 20 نومبر (اے پی پی) صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور آزادکشمیر میں معاشی سرگرمیوں اور ابھرتی ہوئی مڈل کلاس کی وجہ سے ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لئے سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع میسر ہیں۔ صدر نے ان خیالات کا اظہار ہسپانوی سرمایہ کاروں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ جنہوںنے جموں وکشمیر ہاﺅس اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت روزے مینول کا سٹیلینومینجر فرینچائز آپریشنز، کانڈس سپین اور پاکستانی نژاد ہسپانوی سرمایہ کار چوہدری امانت حسین نے کی۔ ملاقات کے دوران وفد نے صدر کو کانڈس ( ہسپانیہ کے بڑے ادارے) کے اوپریشنزکے بارے میں تفصیلاً بتایا۔ وفد نے پاکستان بھر میں کانڈس رینٹیل سٹور کی فرنچائزز کھولنے اور آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ صدر نے وفد کو خوش آمدید کہا اور ان کی پاکستان اور آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کی تجویز کا خیر مقدم کیا ہے۔