اسلام آباد۔15فروری (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے خیبر پختون خوا میں دومختلف آپریشنز میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے 15 خوارج کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کرتے ہوئے انٹیلیجنس پر مبنی کارروائی کے دوران فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا ہے۔
ایوانِ صدر پریس ونگ کی جانب سے ہفتہ کو جاری بیان میں صدر مملکت نے کارروائی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ محمد حسن اشرف شہید سمیت 4 جوانوں کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا اور کہا کہ قوم اپنے بہادر شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
صدر مملکت نے پاک فوج کے بہادر شہداء کی بہادری اور جذبہ حب الوطنی کو سراہتے ہوئے شہداء کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا اور صبر جمیل کی دعا بھی کی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کاروائیاں جاری رہیں گی، دہشت گرد عناصر کے خاتمے، ملکی دفاع کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا۔صدر مملکت نے فتنۃ الخوارج کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اظہار بھی کیا۔