اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے دارلعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی جامع مسجد میں خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گرد حملے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
جمعہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے خود کش حملے میں نمازیوں کو نشانہ بنانے کے مکروہ فعل کی شدید مذمت کی اور کہا کہ بے گناہ نمازیوں کو نشانہ بنانا مذموم اور گھنائونا عمل ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گرد ملک و قوم اور انسانیت کے دشمن ہیں۔ انہوں نے واقعہ میں جاں بحق افراد کیلئے دعائے مغفرت کی۔ صدر آصف علی زرداری نے دہشت گرد حملے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت اور ان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔