اسلام آباد۔7اگست (اے پی پی):صدرمملکت آصف علی زرداری نے ضلع مستونگ میں فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کے سکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ قوم اپنے بہادر شہدا کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان میں صدرِ مملکت نے حملے میں شہید ہونے والے میجر محمد رضوان طاہر، نائیک ابنِ امین اور لانس نائیک محمد یونس کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شہدا کے لیے بلندیٔ درجات کی دعا اور اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ قوم اپنے بہادر شہدا کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے جوابی حملے میں دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ بھارت کی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کا جلد قلع قمع کیا جائے گا۔