اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی نے سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے پالیسی ریٹ کو 11 فیصد تک کم کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے لیکن کاروباری برادری اقتصادی بحالی کے لئے سنگل ڈیجٹ کی امید رکھتی تھی۔پیر کو جاری ایک بیان میں صدر ناصر منصور قریشی نے تسلیم کیا کہ اگرچہ یہ اقدام درست سمت میں ایک قدم ہے
تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پالیسی ریٹ کو 10 فیصد سے نیچے لانا پرائیویٹ سیکٹر کا دیرینہ مطالبہ تھا تاکہ سستی فنانسنگ تک رسائی کو بہتر بنایا جا سکے اور صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔موجودہ کمی سے کاروباری اداروں کو کچھ ریلیف ضرور ملے گا لیکن افراط زر میں کمی اور ان پٹ لاگت میں کمی کی روشنی میں زیادہ کمی کی توقع کی جا رہی تھی۔انہوں نے نشاندہی کی کہ مارچ اور اپریل میں مہنگائی میں نمایاں کمی آئی جس کی بڑی وجہ بجلی کے نرخوں میں کمی ہے
انہوں نے مرکزی بینک پر زور دیا کہ وہ معاشی اشاریوں کی کڑی نگرانی کرے اور مستقبل کے پالیسی فیصلوں میں کاروباری برادری کی ضروریات کو مدنظر رکھے۔ انہوں نے کہاکہ کم شرح سود سرمایہ کاری، ملازمتوں کی تخلیق اور پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے اہم ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593009