فیصل آباد۔ 14 ستمبر (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے پاکستان میں عراق کے سفیر حامد عباس لفتا سے ملاقات کی اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کے فروغ کے حوالے سےتبادلہ خیال کیا۔سفیر نےکہا کہ دونوں ملکوں کے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو معاشی مفادات کےلئے استعمال کرنے کی ضرورت ہے ، اس سلسلے میں دونوں ملکوں کی بزنس کمیونٹی کو اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور عراق میں انتہائی قریبی برادرانہ تعلقا ت ہیں جبکہ 25ہزار سے زائد پاکستانی بھی عراق میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ ڈاکٹر خرم طارق نے بتایا کہ برادرانہ تعلقات کے باوجود دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم انتہائی کم ہے جس میں اضافےکےلئے سنجیدہ کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے عراقی سفیر کو فیصل آباد چیمبر کے باضابطہ دورے کی دعوت دی تاکہ وہ اس صنعتی، تجارتی اور کاروباری شہر کے پوٹینشل کو سمجھتے ہوئے دونوں ملکوں کی تاجر برادری کے درمیان براہ راست رابطوں کی راہ ہموار کر سکیں۔