اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ کی قیادت میں بزنس کیمونٹی نے منگل کو بلوچستان کا دورہ کیا ۔
وفد میں پیٹرن انچیف یو بی جی ایس ایم تنویر سمیت ملک بھر سے بزنس کمیونٹی کی نمایاں قیادت شامل تھی ۔وفد نے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے امکانات کا جائزہ لیا اور اس حوالے سے منعقدہ اعلی سطح کی تقریب میں شرکت کی۔
ایف پی سی سی آئی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق کوئٹہ میں منعقدہ تقریب میں وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی بھی شریک ہوئے۔تقریب میں صوبے میں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے امکانات،مشکلات اور ان کے حل کیلے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
صدر ایف پی سی سی آئی نے بلوچستان کی ترقی کو پاکستان کی ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیا۔ انہوں نے فیڈریشن کی طرف سے صوبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اقدامات پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔