صدر ایف پی سی سی آئی کی قیادت میں کاروباری وفددورہ بنگلہ دیش پر ڈھاکہ پہنچ گیا

194
President FPCCI
President FPCCI

اسلام آباد/ڈھاکہ ۔12جنوری (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ کی قیادت میں پاکستان کا کاروباری وفد بنگلہ دیش کے دورے پر ڈھاکہ پہنچ گیا ، بزنس کمیونٹی کے وفد میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 35سے زائد برآمد کنندگان اور صنعتکاروں شامل ہیں ،وفد اپنے دورے میں بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس اور مشیر تجارت شیخ بشیر الدین سے بھی ملاقات کریگا۔

صدرفیڈریشن آف پاکستان چیمبرز عاطف اکرام شیخ نے بنگلہ دیش پہنچنے پر اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین تجارتی تعلقات کو مستحکم بنانے کیلئے بزنس کمیونٹی کا دورہ انتہائی اہم ہے،پاکستانی بزنس کمیونٹی کے وفد کا دورہ بنگلہ دیش دونوں ملکوں کے اقتصادی تعلقات کو نئی جہت دے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان باہمی تجارت کا حجم 80کروڑ ڈالر کی سطح پر ہے، دونوں ممالک توجہ دیں تو اس حجم کو باآسانی 2 سے 3 ارب ڈالر کی سطح تک لے جایا جاسکتا ہے،دونوں ملکوں میں ٹیکسٹائل ، ادویات ، پھلوں اور سبزیوں کی برآمدات میں اضافے کی وسیع گنجائش ہے، پاکستان اور بنگلہ دیش کی تاجر برادری وفود کے تبادلوں سے خاطر خواہ کامیابی حاصل کر سکتی ہے۔