صدر جو بائیڈن کل اسرائیل اور اردن کا دورہ کریں گے، امریکی وزیر خارجہ

102
جو بائیڈن

واشنگٹن۔17اکتوبر (اے پی پی):امریکی صدر جو بائیڈن کل  بدھ کو  اسرائیل اور اردن کا دورہ کریں گے،دورہ کے دوران وہ اسرائیلی اور عرب قیادت سے ملاقاتیں کریں گے ۔ امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے یہ اعلان منگل کی صبح اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو اور دیگر اعلیٰ اسرائیلی حکام کے ساتھ7گھنٹے سے زیادہ کی بات چیت کے بعد کیا۔

یہ اعلان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب غزہ کی پٹی میں انسانی صورتحال مزید سنگین ہوتی جا رہی ہے اور اسرائیل حماس کے خلاف 141 مربع میل علاقے پر ممکنہ زمینی حملے کی تیاری کر رہا ہے۔انٹونی بلنکن نے کہا کہ وہ اسرائیل، خطے اور دنیا کے لیے ایک نازک لمحے میں اسرائیل کا دورہ کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جو بائیڈن کو اسرائیلی حکام ان کے جنگی اہداف اور حکمت عملی کے بارے میں بریفنگ دیں گے اور یہ بتائیں گے کہ وہ کس طرح کے آپریشن کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ، جس سے شہریوں کی اموات کو کم سے کم کیا جائے اور غزہ میں شہریوں تک انسانی امداد پہنچائی جا سکے ۔