اسلام آباد۔27اپریل (اے پی پی):صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔یہاں جاری بیان کے مطابق صدر آزاد جمو ں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے بھارت کی طرف سے ایک باقاعدہ سازش کے تحت فالس آپریشن کے ذریعے پہلگام واقعہ کی شدید مذمت کی اور اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ بھارت نے پہلگام واقعہ کی آڑ میں مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام پر عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے اور وہاں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالی اور ظلم و بربریت شروع کر دی ہے۔
بھارتی سرکار مودی کی ہندوتوا پالیسیوں پر گامزن ہو کر مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر ظلم و جبر کی نئی داستانیں رقم کر رہا ہے انٹرنیشنل کمیونٹی بھارت کو اُس کے مکروہ عزائم سے باز رکھنے کے لئے دباؤڈالے۔ صدر آزاد جمو ں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ آزادی کے بیس کیمپ سے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام پر جاری بھارتی مظالم اور فسطائیت کو بے نقاب کرنے اور مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اُجاگر کرنے کے لئے کوششیں مزید تیز کی جائیں۔
صدر آزاد جمو ں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے آزادکشمیر میں گڈ گورننس کے قیام کے لئے جاری کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس بات کا فیصلہ بھی کیا کہ گڈ گورننس میں مزید بہتری کے لئے کاوشیں تیز کی جائیں۔ صدر آزاد جمو ں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے آزادکشمیرمیں تعمیر و ترقی کو تیز کرنے کا بھی فیصلہ کیا تاکہ ریاست میں خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو اور اس کے ثمرات عام آدمی کی زندگی پر نمایاں ہوں۔
صدر آزاد جمو ں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال کے علاوہ آزادکشمیر کی سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔اس موقع پر صدر آزاد جمو ں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق کے درمیان باہمی دلچسپی سمیت دیگر اُمور پر بھی تبادلہ خیا ل کیا گیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=588485