سیالکوٹ۔11فروری (اے پی پی):سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالغفور ملک نے سیالکوٹ کی تاجر برادری کی جانب سے ترکیہ اور شام میں حالیہ شدید زلزلے سے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں صدرچیمبر نے کہا کہ ہم بحیثیت قوم اس آفت سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر بہت افسردہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اس مشکل وقت میں ترکیہ اور شام کے عوام کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اظہار کرنا چاہوں گا اور یقین دلاتا ہوں کہ ہم اپنے ترک و شامی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر ممکن طریقے سے اپنا تعاون پیش کرتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ہم ان متاثرین کی جلد بحالی کے خواہاں ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ زلزلے میں شہید ہونے والوں کے درجات بلند کرے ، زخمیوں کو جلد صحتیابی عطا کرے اور لوحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ پاکستان سمیت عالمی برادری متاثرہ دونوں ممالک میں امدادی سرگرمیوں میں ضروری تعاون فراہم کرنے کے لیے اکٹھے ہو کر زندگی کو معمول پر لانے کے لیے تیار ہو گی۔