اسلام آباد۔3اپریل (اے پی پی):صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان و پاکستان بزنس فورم کاشف چوہدری نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے ملک بھر کے تاجروں ،صنعتکاروں اور عوام کو بجلی کی قیمتوں میں کمی کیلئے شاندار جدوجہد پر خراج تحسین و مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے گھروں کیلئے 41 .7 روپے کمرشل صارفین کیلئے 69 .7 روپے جبکہ صنعتوں کیلئے 59 .7 روپے فی یونٹ کمی کا خیر مقدم کرتے ہیں، قیمتوں میں یہ کمی خوش آئند ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی کی فی یونٹ قیمت اوسط پیداواری لاگت کے مطابق مقرر کر کے بجلی کے بلوں کو کم کرنے کیلئے بلوں پر لگائے گئے مختلف قسم کے ٹیکسز کا خاتمہ کرنا وقت کی ضرورت ہے ۔کاشف چوہدری نے کہا کہ بجلی کا یکساں سلیب سسٹم نافذ کیا جائے اور آئی پی پیز کی دیگر کمپنیوں کے معاہدوں پر بھی نظر ثانی کی جائے ،گردشی قرضہ کے مستقل خاتمہ کیلئے قابل عمل روڈ میپ جاری کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ لائن لاسز ،بجلی چوری اور مفت خوری کو بند کرنے کے اقدامات کئے جائیں ۔