اسلام آباد۔10 مئی(اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے مزدور اور محنت کش طبقہ کو معیشت اور قومی ترقی کا محرک قرار دیتے ہوئے مزدوروں کی خودمختاری، منصفانہ اجرت، محفوظ ماحول اور سماجی تحفظ کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے والے محنت کش مرد و خواتین کی کاوشوں ، جدوجہد اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ عالمی یوم مزدور کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اْس تاریخی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے جو دنیا بھر کے محنت کشوں نے اپنے حقوق اور وقار کے لیے کی۔
انہوں نے کہا کہ مزدور نہ صرف ہمارے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کرتے ہیں بلکہ ہماری صنعتوں ، زراعت اور معیشت کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں، ہمارے یہ کارکن ہماری صنعتوں، زراعت، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں، حکومت اور دیگر عوامی شعبوں کو چلاتے ہیں۔ ہمارے کارکن ہمارا فخر ہیں اور ہماری قومی ترقی انہی کی محنت اور کردار کی مرہون منت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ آج کی تیزی سے بدلتی دنیا میں اپنے نوجوانوں اور کارکنوں کے روشن مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے ہمیں انہیں ہنرمند بنانے پر توجہ دینا ہوگی۔
ہمہ وقت بدلتی جاب مارکیٹ کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیں اپنے کارکنوں اور نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے تمام حکومتوں، نجی اداروں، تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ ہمارے مزدوروں کی ہنرمندی کیلئے ایک جامع نظام تشکیل دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ آجروں، ٹریڈ یونینوں، سول سوسائٹی اور پبلک سیکٹر سے درخواست کی کہ وہ ایک منصفانہ لیبر ماحول تشکیل دینے اور مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ آئیے ، ہم ملک میں بامعنی پالیسیوں، جامع ترقی اور ایک ایسے کلچر کو فروغ دیں جہاں ہر محنت کش کے کردار کا احترام کیا جائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590758