اسلام آباد۔23جنوری (اے پی پی):پاکستان اور آذربائیجان نے تجارت، توانائی، فضائی رابطے اور عوامی سطح پر تعلقات کو مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے ۔یہ بات ایوانِ صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور آذربائیجان کے وزیرِ دفاعی صنعت، ووگار مصطفیٰ یوف، کے درمیان ملاقات کے دوران کہی گئی، جنہوں نے اپنے وفد کے ہمراہ آج صدر سے ملاقات کی۔ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے آذربائیجان کے وزیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور آذربائیجان کے تاریخی اور گہرے تعلقات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے عوامی سطح پر روابط، سیاحت کے تعلقات اور تجارتی و کاروباری روابط کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ علاقائی اقتصادی تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔
صدر مملکت نے ثقافتی روابط کو مضبوط کرنے اور عوامی سطح پر تبادلوں کو مزید فروغ دینے کے لیے نئے راستے تلاش کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان براہِ راست پروازوں کے آغاز کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ اس سے عوامی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ 2024 میں کاروبار اور سیاحت کی غرض سے 72,000 سے زائد پاکستانیوں نے آذربائیجان کا دورہ کیا، جو پچھلے سال کے 55,000 مسافروں کے مقابلے میں 25 فیصد کا اضافہ ظاہر کرتا ہے۔
آذربائیجان کے وزیر نے دونوں ممالک کے گہرے تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان توانائی، کاروبار اور ثقافت کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے مشکل حالات میں ایک دوسرے کی حمایت کی ہے اور آذربائیجان کے عوام ہمیشہ پاکستان کی سیاسی حمایت کو یاد رکھیں گے۔آذربائیجان کے وزیرِ دفاعی صنعت نے صدرِ پاکستان کی جانب سے پرتپاک استقبال کرنے پر شکریہ ادا کیا اور آذربائیجان کے صدر، الہام علیوف، کی جانب سے صدرِ پاکستان کی صحت، کامیابی، امن اور پاکستان کی خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔