لاہور۔26مئی (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری سے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی اٹک کے تنظیمی وفد اور ٹکٹ ہولڈرز نے پیر کے روز گورنر ہاوس لاہور میں ملاقات کی۔گورنر ہائوس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور تنظیمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان ہے تو تمام سیاسی جماعتیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی میں پیپلزپارٹی سمیت تمام سیاسی جماعتیں اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوئیں اور بھارت کو منہ کی کھانا پڑی۔
صدر آصف علی زرداری نے اس موقع پر کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ملک اور جمہوریت کی خاطر قربانیاں دی ہیں اور یہ روایت آئندہ بھی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی پنجاب میں متحرک اور فعال ہو گئی ہے اور یہ جماعت مزدوروں، محنت کشوں، سرکاری ملازمین اور پسے ہوئے طبقے کی جماعت ہے۔
اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری عوامی مینڈیٹ کے ساتھ ملک کے اگلے نوجوان وزیراعظم ہوں گے۔اس موقع پر اٹک کی تنظیم نے صدر آصف علی زرداری کو اٹک کے دورے کی دعوت بھی دی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=601586