راولپنڈی۔17مئی (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے ہفتہ کو گوجرانوالہ چھائونی کا دورہ کیا اور معرکہ حق کی کامیابی سے انجام دہی میں افواج پاکستان کے مثالی طرز عمل اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے بلا اشتعال جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے ان کے پختہ عزم اور غیر متزلزل جرات کا اعتراف کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گوجرانوالہ چھائونی پہنچنے پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے صدر مملکت کا استقبال کیا۔
اس موقع پر منگلہ اور گوجرانوالہ کور کے کمانڈرز بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے معرکہ حق کی کامیابی سے انجام دہی میں افواج پاکستان کے مثالی طرز عمل اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے بلا اشتعال جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے ان کے پختہ عزم اور غیر متزلزل جرات کا اعتراف کیا۔ انہوں نے مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجی اور سویلین شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی قربانی ایک مقدس امانت اور پائیدار قومی فخر کا ذریعہ ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قوم کے پائیدار جذبے سے سرشار سرزمین کے بیٹے مادر وطن کے دفاع کے غیر متزلزل عزم کے ساتھ کھڑے ہیں اور غیر معمولی بہادری اور پیشہ وارانہ بصیرت کے ساتھ دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ کس طرح چند گھنٹوں کے اندر پاکستان کی مسلح افواج نے بے مثال عزم اور ہمت کے ساتھ جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور پاکستان کی طاقت، صلاحیت اور قومی اتحاد کا واضح پیغام دیا۔
افسروں اور جوانوں کے ساتھ گفتگو کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری نے ان کے مثالی حوصلے، جنگی تیاریوں اور فرائض کے تئیں لگن کی تعریف کی۔ انہوں نے آپریشن بنیان مرصوص کے کامیاب اختتام پر دلی مبارکباد پیش کی اور قوم کے محافظوں پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے عوام اپنے بہادر جوانوں کو قومی وقار اور خودمختاری کے حقیقی محافظ کے طور پر انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598211