اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے اسلام آباد میں ایئر ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ منگل کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے دورہ پاکستان کی فضائی سرحدوں کے دفاع میں پاک فضائیہ کی شاندار کامیابی اور بھارتی جارحیت پر فیصلہ کن ردعمل پر پاک فضائیہ کے افسران و جوانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے کیا۔ صدر مملکت کی آمد پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ملاقات کے دوران ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے صدر مملکت کو پاک فضائیہ کی آپریشنل حکمت عملی، فورس سٹرکچر، اہداف اور مستقبل کی جنگوں کے تناظر میں جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
صدر مملکت کو بتایاگیا کہ بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران پاک فضائیہ کی کامیابی اعلیٰ تربیت، ہمہ وقت آپریشنل تیاری اور مقامی طور پر تیار کردہ جدید جنگی صلاحیتوں کا نتیجہ ہے، پاک فضائیہ نے اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ فل سپیکٹرم آپریشنز کیے جن میں خلائی، سائبر اور الیکٹرانک وار فیئر کو مربوط کیا گیا۔ بریفنگ میں مزید کہا گیا کہ جدید اور انقلابی ٹیکنالوجیز کے تزویراتی استعمال نے پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ صدر مملکت نے پاک فضائیہ کے افسران و جوانوں کی پیشہ وارانہ مہارت، غیر متزلزل عزم اور جذبے کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے حالیہ تنازعے کے دوران پاکستان کی خودمختاری اور سرحدوں کے دفاع میں پاک فضائیہ کے فیصلہ کن کردار کو سراہا۔
صدر مملکت نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت کو سراہا اور کہا کہ ایئر چیف کی مدبرانہ قیادت نے پاک فضائیہ کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ایئر چیف کی قیادت میں پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاری میں نمایاں اضافہ ہوا اور خطے میں طاقت کا توازن از سر نو ترتیب ہوا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کی جری اور دوراندیش قیادت نے بھارتی جارحیت کا بروقت اور سخت جواب دیا، پاک فضائیہ تکنیکی و تزویراتی میدان میں سب سے آگے رہی۔
صدر مملکت نے پاک فضائیہ کی جنگی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور حکومت کی جانب سے پاک فضائیہ کو ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ بعد ازاں صدر مملکت نے نیشنل آئی ایس آر اینڈ انٹیگریٹڈ ایئر آپریشنز سینٹر کا بھی دورہ کیا۔ صدر مملکت کو پاک فضائیہ کی مجموعی آپریشنل صلاحیتوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔