اسلام آباد۔17جنوری (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے تیراہ ضلع خیبر میں کارروائی کے دوران 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ جمعہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے انٹیلیجنس پر مبنی کامیاب آپریشن کے دوران خوارجی سرغنہ عبیداللہ سمیت 5 خوارج کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا۔
صدر مملکت نے ملک سے فتنتہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے کے لیے کارروائیاں کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فتنتہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔