اسلام آباد۔29مئی (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے خيبر پختون خوا میں بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے خلاف 2 مختلف کامیاب کارروائیوں پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔
ایوان صدر کے پریس ونگ سے جمعرات کو جاری بیان میں صدر مملکت نے کارروائیوں کے دوران 7 خوارج کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا۔ صدر مملکت نے شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے 4 بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور لیفٹیننٹ دانیال اسماعیل، نائب صوبیدار کاشف رضا، لانس نائیک فیاقت علی اور سپاہی محمد حمید کے جذبہ حب الوطنی اور بہادری کو سراہا۔
صدر مملکت نے وطن کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے پر قوم کے بہادر سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کی سرکوبی کیلئے کامیاب کارروائیاں کررہی ہیں۔ صدر مملکت نے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کاروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا- انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے شہداء کیلئے بلندی درجات، اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔