اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے خیبر پختونخوا میں مختلف آپریشنز میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے 30 خوارج دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ دہشت گرد عناصر کے خاتمے اور ملکی دفاع کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا۔
ایوان صدر کے پریس ونگ سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے انٹیلیجنس پر مبنی کارروائیوں کے دوران فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا ۔صدر مملکت نے ضلع لکی مروت، کرک اور خیبر میں خوارج کے خلاف فورسز کی کامیاب کارروائیوں کی تعریف کی اور کہا کہ مختلف کارروائیوں میں30 دہشت گردوں کو ہلاک کرنا سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کامیاب کارروائیاں خوش آئند ہیں، دہشت گرد عناصر کے خاتمے اور ملکی دفاع کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا۔ صدر مملکت نے فتنتہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا بھی اظہار کیا۔