اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں سیلاب اور بارشوں سے ہونے والی تباہی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ پورا یقین ہے کہ پاکستانی قوم حوصلے اور عزم کے ساتھ مشکلات کا مقابلہ کرے گی۔
ایوان صدر کے پریس ونگ سے بدھ کو جاری بیان میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے سیلاب میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت ، ہمدردی اور متاثرین سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ سیلاب اور ریلوں میں جانی و مالی نقصان اٹھانے والے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
صدر مملکت نے کسانوں کی فصلوں اور مویشیوں کے بڑے پیمانے پر نقصان پر گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔ صدر مملکت نے مسلح افواج اور ریسکیو اداروں کی بہادری اور خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ آزمائش کی گھڑی میں افواج پاکستان نے عوام کی خدمت کی شاندار مثال قائم کی ہے۔
صدر مملکت نے سندھ حکومت کوآنے والے بڑے سیلابی ریلے سے بچائو کے لیے فوری تیاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پورا یقین ہے کہ پاکستانی قوم حوصلے اور عزم کے ساتھ مشکلات کا مقابلہ کرے گی۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ 2010ء اور 2022ء کے سیلابوں کی طرح اس بار بھی قوم سرخرو ہوگی ۔