اسلام آباد۔3مئی (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز کے انتخابات میں کامیابی پر نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دی اور کہا کہ امید کرتا ہوں کہ نو منتخب عہدیداران ملک میں شعبہ صحافت کی ترقی کے لیے کاوشیں جاری رکھیں گے، صدر مملکت نے زور دیا کہ فیک نیوز اور غلط معلومات کے روک تھام کیلئے میڈیا اپنا کردار ادا کرے۔
ایوانِ صدرکے پریس ونگ سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کاظم خان کو بطور صدر اور غلام نبی چانڈیو کو بطور سیکرٹری جنرل منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ صدر مملکت نے سینئر نائب صدر ایاز خان، ڈپٹی سیکرٹری جنرل تنویر شوکت اور دیگر عہدیداران کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔
صدر مملکت نے کہا کہ امید ہے کہ نو منتخب عہدیداران ملک میں اعلی صحافتی اقدار کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ملک میں جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے میڈیا اپنا کردار ادا کرے، امید کرتا ہوں کہ نو منتخب عہدیداران ملک میں شعبہ صحافت کی ترقی کے لیے کاوشیں جاری رکھیں گے۔
صدر مملکت نے کہا کہ فیک نیوز اور غلط معلومات کے روک تھام کیلئے میڈیا اپنا کردار ادا کرے۔ صدر مملکت نے کہا کہ میڈیا کا کردار عوام کو اہم سیاسی، سماجی اور معاشی مسائل پر آگاہی فراہم کرنے کیلئے اہم ہے۔صدر مملکت نے کونسل آف نیوز پپر ایڈیٹرز کے نو منتخب عہدیداران کیلئے نیک تمنائوں کا بھی اظہار کیا۔