اسلام آباد ۔ 8 اپریل (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علی نے کہا ہے کہ پاکستان فرانس کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے اور دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے مزید مواقع تلاش کرنے کا خواہاں ہے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار میڈیف (ایم ای ڈی ای ایف) انٹرنیشنل کی پاک فرانس بزنس کونسل کے چیئرمین اور ٹوٹل گلوبل سروسز کے صدر تھیری فلملن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جہنوں نے پیر کو یہاں ایوان صدر میں وفد کے ہمراہ ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان فرانس کے ساتھ اپنے تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان بالخصوص مینوفیکچرنگ، تعمیرات، سیاحت، مواصلات اور روڈ انفراسٹرکچر کے شعبوں میں فرانس کے سرمایہ کاروں کے لئے سرمایہ کاری کے مختلف مواقع کی پیش کش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرانس کے سرمایہ کار پاکستان کی لبرل سرمایہ کاری پالیسیوں سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کی پالیسی سرمایہ کاروں کے لئے بڑی پرکشش ہے اور اس میں ان کے لئے استفادہ کرنے کے بڑے مواقع موجود ہیں۔ غیر ملکی کمپنیوں کو مقامی اور غیر ملکی بینکوں سے قرضے لینے کی سہولت حاصل ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ توانائی، سڑکوں، ریلوے کے نیٹ ورک، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ اور دوسرے بہت سے شعبوں میں سی پیک کے منصوبے فرانسیسی کمپنیوں کے لئے بہت سے مواقع کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں 7 خصوصی اقتصادی زونز قائم کئے گئے ہیں اور فرانسیسی کمپنیاں ان زونز میں اپنے صنعتی یونٹ قائم اور منتقل کر سکتی ہیں۔ انہوں نے فرانسیسی کمپنیوں کو دعوت دی کہ وہ آگے آئیں اور مقامی و غیر ملکی کمپنیوں کے اشتراک سے کام کریں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت پاکستان نجی شعبہ کو ہر مرحلے پر سہولت فراہم کرنے کے لئے پوری طرح پر عزم ہے۔ صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان میں اقتصادی مواقع کو مد نظر رکھتے ہوئے بین الاقوامی برادری پاکستان کو سرمایہ کاری کے لئے انتہائی پرکشش ملک سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان فرانسیسی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرے گا۔ سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین ہارون شریف اور پاکستان میں فرانس کے سفیر مارچ بارٹے بھی اس موقع پر موجود تھے۔