اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ میں پاکستان کے عوام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں خاص طور پر خواتین کو جو شدید مشکلات کے باوجود بڑی تعداد میں باہر نکلیں اور جمہوریت کی مضبوطی کے لیے ووٹ دیا ۔ نوجوان بھی بالخصوص داد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے ووٹنگ کے عمل میں پرامن طریقے سے حصہ لے کر ملک کی باگ ڈور سنبھالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا جمہوریت پر یقین، ولولہ اور تعمیر ملت کا عزم انشاءاللہ تاریخ رقم کرے گا۔
اتوار کو ایکس پر اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ شدید مالی بحران سے نکلنے، مشکل فیصلے کرنے اور ماضی کی تلخیوں کو دور کرنے کے لیے ایک حقیقی مینڈیٹ ضروری تھا جو نظر آرہا ہے۔ ہمیں اس پُرجوش جذبے کا جشن منانا چاہیے اور دنیا کو پاکستان کا یہ خوبصورت چہرہ دکھانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے شاندار مستقبل پر میرا اعتماد مضبوط ہوا ہے کیونکہ لوگوں نے کُھل کر بڑی تعداد میں اپنی مرضی کا اظہارکیا ہے،میرے شہریوں کے اس عظیم مینڈیٹ کا احترام ہونا چاہیئے اور اسے کھل کر تسلیم کرنا چاہیئے ۔ بے شک اللہ پاکستان پر بہت مہربان ہے۔صدر مملکت نے دعوت دی کہ آؤ میرے لوگو، اٹھو اورمتحد ہو جاؤ، سب کچھ جوڑ کر تعمیر نو کا کام شروع کرو۔ دنیا آپ کی منتظر ہے۔