اسلام آباد ۔ 9 فروری (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں عسکریت پسندی اور عسکریت پسندوں کےلئے کوئی جگہ نہیں، پاکستان خطہ میں امن و استحکام کےلئے پورے خلوص کے ساتھ کام کر رہا ہے، پاکستان دہشت گردی کی ہر شکل کی مذمت کرتا ہے اور اس مقصد کےلئے پاکستان کی سرزمین کے استعمال کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے یہ بات یورپی برادری کی عسکری کمیٹی کے چیئرمین جنرل میخائل کو ستاراکوس سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعہ کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزارت دفاع اور ایوان صدر کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ صدر ممکت نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین سے اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور ان کے اس دورہ سے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دفاع میں مزید تعاون کی راہیں کھلیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاک۔چین اقتصادی راہداری خطہ میں اقتصادی ترقی، استحکام اور خوشحالی کا منصوبہ ہے، اس کی مکمل فعالی کے نتیجہ میں خطہ سے بدامنی کا خاتمہ ہو گا۔