اسلام آباد ۔27 جولائی (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے انتخابات سے متعلق شکایات اور اپیلوں پر سماعت و فیصلے کیلئے بینچوں کی تعداد بڑھانے کے سلسلے میں الیکشن کمیشن ایکٹ 2017ءمیں ترمیمی آرڈیننس نافذ کر دیا۔ صدر مملکت نے 26 جولائی کو آرڈیننس پر دستخط کئے اور وزارت قانون و انصاف نے جمعہ کو اس کا اجراءکیا۔ الیکشن (ترمیمی) آرڈیننس 2018ءکے نام سے اس آرڈیننس کے ذریعے الیکشن کمیشن ایکٹ 2017ءکے سیکشن 6 میں ترمیم کی گئی ہے۔ اس ترمیم کے بعد الیکشن کمیشن دو یا زیادہ ممبران پر مشتمل بینچ تشکیل دے سکے گا۔ اس طرح الیکشن کمیشن دستیاب ممبران کی تعداد کے ساتھ ایک سے زیادہ بینچ تشکیل دینے کے قابل ہو جائے گا جس کے نتشیجہ میں انتخابات سے متعلق شکایات اور اپیلوں کو موثر طور پر نمٹایا جا سکے گا۔