
اسلام آباد ۔ 22 دسمبر (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل تابناک ہے اور سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان خطے میں ایک نئی طاقت بن کر ابھرے گا۔ صدر مملکت نے یہ بات جمعرات کو ایوان صدر میں قطر کے وزیر توانائی اور صنعت ڈاکٹر محمد بن صالح السدہ سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی اور پاکستان میں قطر کے سفیر سقربن مبارک المنصوری بھی شریک تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے فائدہ حاصل کرنے کیلئے وسط ایشیائی ریاستوں اور دوسرے ممالک نے اس میں شامل ہونے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ سی پیک منصوبے سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورا خطہ اور اس کے ساتھ ساتھ وسط ایشیائی ریاستیں بھی مستفید ہو سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی بہتر پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کی اقتصادی اور معاشی حالت بہتر ہوئی ہے جس کی عالمی مالیاتی اداروں نے بھی تعریف کی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے پاس ہنر مند افراد کی ایک بڑی تعداد موجود ہے جس سے قطری حکومت فیفا ورلڈ کپ 2022ءکے سلسلے میں فائدہ حاصل کر سکتی ہے۔