
اسلام آباد ۔ 19 اگست (اے پی پی)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات سے منتخب نمائندوں کے ذریعے لوگوں کے مسائل نچلی سطح پر حل ہوں گے اور اس سے جمہوریت مضبوط ہو گی۔ بلدیاتی انتخابات سے لوگوں کی زندگی میں بہتری آئے گی۔صدر مملکت نے یہ بات جشن آزادی کے سلسلے میں اسلام آباد میٹرو پولیٹن کے زیر اہتمام ایوان صدر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات میں منتخب ہونے والے میئر ، ڈپٹی میئرز ، وائس چئیرمینز اور کونسلرز نے شرکت کی۔صدر مملکت نے اسلام آباد سے منتخب ہونے والے نمائندوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے فرائض ذمہ داری اور ایمانداری سے نبھائیں اور بانی پاکستان قائدا عظم محمد علی جناح کے اس قول”کام ، کام اور صرف کام“ پر ضرور عمل کر یں۔ صدر مملکت نے کہا کہ تمام منتخب نمائندے مبار ک باد کے مستحق ہیں کہ وفاقی دارالحکومت میں پہلی بار منتخب ہوئے ہیں۔ اب یہ ان کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ شہر کی بہتری کے لیے کام کریں اور اس میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔