
اسلام آباد ۔ 8 مارچ (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی و خوشحالی عوام کی فلاح و بہبود میں مضمر ہے، غربت کے خاتمے کی کوششوں سے خواتین کو باروزگار اور بااختیار بنانے کی طرف زیادہ تیزی سے پیش رفت ہو گی، حکومت چاہتی ہے کہ ریاست کا ہر فرد اپنی صلاحیتوں کے مطابق ان کوششوں میں شریک ہو جائے، بی آئی ایس پی کے نیشنل سوشیواکنامک رجسٹری پروگرام کے تحت متعلقہ ادارے زیادہ آسانی اور شفافیت کے ساتھ معاشرے کے غریب افراد اور خاندانوں تک پہنچ سکیں گے جس سے غربت کے خاتمے کی کوششیں زیادہ بامعنی اور نتیجہ خیز ثابت ہو سکیں گی۔وہ جمعرات کو یہاں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے زیر اہتمام نیشنل سوشیواکنامک رجسٹری پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن اور وفاقی سیکرٹری عمر حمید خان نے بھی تقریب سے خطاب کیا جبکہ وفاقی وزرائ، ارکان پارلیمنٹ، مختلف ممالک کے سفارتکار اور دیگر نمایاں شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔