صدر مملکت ممنون حسین کا ترک مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل ہلوسی آکار سے ملاقات کے دوران اظہار

69
APP21-04 ISLAMABAD: May 04 – Chief of the General Staff Turkish Armed Forces General Hulusi Akar called on President Mamnoon Hussain at the Aiwan-E-Sadr. APP

اسلام آباد ۔ 4 مئی (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے انتہائی قریبی اورگرم جوش تعلقات خطے میں استحکام اور ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترک مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل ہلوسی آکار سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو یہاں ایوان صدر میں صدر مملکت سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ترک سفیر احساں مصطفی یوردا کول کے علاوہ اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان برادرانہ تعلقات انتہائی گہرے اور غیر معمولی ہیں جنہیں الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بحرانوں کے حل کے سلسلے میں ترکی کا کردار انتہائی مثبت ہے۔ اس نے مشرق وسطیٰ کے بحران اور خاص طور پر مہاجرین کے مسئلے کو انتہائی خوش اسلوبی کے ساتھ نمٹانے کی کوشش کی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ترکی نے مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ پاکستان کے منصفانہ موقف کی تائید کی ہے جس پر ہم ترک بھائیوں کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شمالی قبرس کے معاملے میں ترکی کا موقف منصفانہ ہے جس پر پاکستان اس کی غیر مشروط تائید کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی ہر شکل اور دونوں ملکوں میں عدم استحکام پیدا کرنے والی قوتوں کی سختی سے مذمت کرتا ہے۔