
اسلام آباد ۔ 5 مارچ (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے سلسلے میں پاکستان میں شاندار قانون سازی ہوئی ہے جس کی وجہ سے پاکستان اس خطے میں سرمایہ کاری کے لیے انتہائی پر کشش ملک بن چکا ہے۔ ان ہی اقدامات کی وجہ سے پاکستانی برآمدات میں بتدریج اضافہ بھی ہو رہا ہے۔جی ڈی پی کی شرح پانچ اعشاریہ تین فیصد تک جا پہنچی ہے جو گزشتہ دس برسوں میں سب سے زیادہ ہے۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ صورت حال میں خوش آئند تبدیلیاں رونما ہو چکی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صدر مملکت ممنون حسین نے سفارتکاروں کے اعزاز میں راولپنڈی چیمبرآف کامرس کی جانب سے دیئے گئے عشائیے کے دوران کیا۔ اس موقع پر سفراء اور چیمبر کے اعلیٰ عہدیداران کی بڑی تعداد موجود تھی۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ ہماری ان کامیابیوں کا راز درست حکمتِ عملی اور دہشت گردی سے نمٹنے کی بہترین پالیسی اور جرات مندانہ اقدامات ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں ہونے والی جنگوں اور خونریزی کے نتیجے میں گزشتہ برسوں کے دوران ہمیں بے پناہ جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ حکومتِ پاکستان نے سفارت کاری، سیاسی روابط اور انتظامی اقدامات کے ذریعے ان معاملات کو بہتر بنانے کے لیے سخت محنت کی جس کا نتیجہ سامنے ہے۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ مستقبل قریب میں بد امنی پر مکمل طور پر قابو پالیا جائے گا۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں کی محنت نتیجہ خیز ثابت ہوئی ہے۔ صنعتی شعبے کے لیے لوڈ شیڈنگ کا مکمل طور پر خاتمہ کر دیا گیا اور ہمارے کارخانے اطمینان بخش رفتار سے چلنے لگے ہیں۔