صدر مملکت ممنون حسین کا رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی میں خواتین کیمپس کی افتتاحی تقریب سے خطاب

90
PRESIDENT MAMNOON HUSSAIN ADDRESSING THE INAUGURATION CEREMONY OF “WOMEN INSTITUTE OF SCIENCE & HUMANITIES” AT RIPHAH INTERNATIONAL UNIVERSITY, ISLAMABAD ON MAY 24, 2017.

اسلام آباد ۔ 24 مئی (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے خواتین کو یکساں مواقع کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیم یافتہ خواتین قومی ترقی کے فروغ میں اہم کردار کی حامل ہیں۔ بدھ کو یہاں رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی میں خواتین کے کیمپس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ یہ امر ضروری ہے کہ خواتین اعلیٰ تعلیم حاصل کریں اور مختلف شعبہ ہائے حیات میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ قومی ترقی کی رفتار تیز ہو۔ صدر نے کہا کہ تیز رفتار ترقی کےلئے خواتین کو اپنا موثر کردار اداکرنا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ صنفی امتیاز کے خاتمے اور یکساں حقوق کی فراہمی سے ہی پسماندگی کا خاتمہ ممکن ہے، ملک کی نصف سے زائد آبادی کو ترقی کے دھارے سے الگ نہیں رکھا جاسکتا۔ قومی ترقی کے مقاصد کے حصول کے لئے مردوں کے ساتھ خواتین کو بھی اپنا حصہ ڈالنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی شرکت سے نہ صرف ملک کی افرادی قوت دوگنا ہوگی بلکہ پرعزم اساتذہ، بیورو کریٹس، سائنسدانوں، انجینئرز اور مختلف شعبوں کے ماہرین کی بڑی تعداد میں دستیابی بھی یقینی ہو گی۔