اسلام آباد ۔ 14 اگست (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ آج کا دن اس قیام پاکستان کےلئے کی جانے والی تاریخی جدوجہد اورقربانیوں کی یاد دلاتا ہے، قوموں کا دفاع اور اقتصادی ترقی و خوشحالی کا راز قومی اتحاد و اتفاق میں پوشیدہ ہے، قوم کے ہر طبقے کی یہ ذمہ داری ہے وہ ملک کے معاشی، دفاعی ، سیاسی اور جمہوری استحکام کے لیے ہم آواز ہو جائے ،پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کی پناہ گاہ اور عالمی امن و استحکام کی جدوجہد کا سرخیل ہے یہی وجہ ہے یہ عظیم ملک روز اوّل سے ہی دشمن کی آنکھ میں کانٹے کی طرح کھٹکتا رہا ہے، دہشت گردی کےخلاف جنگ میں مسلح افواج نے بھی پاکستانی قوم کے شانہ بشانہ قربانیاں دیں جن پر قوم کو فخر ہے۔ پیر کو پاک فضائیہ کی جانب سے 70 ویں یوم آزادی کے حوالے سے پیر کو یہاں ایف نائن پارک میں منعقدہ فلائی پاسٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کا دن اس عظیم الشان ملک کے قیام کے لیے کی جانے والی فقید المثال تاریخی جدوجہد اور اس کے لیے دی جانے والی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے اور مادرِ وطن کی حفاظت کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے عزم کو تازہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر پاک فضائیہ کے شاہینوں کی پیشہ ورانہ مہارت اورجذبے سے بھرپور فضائی مظاہرے کا مشاہدہ ایک ایسا شاندار تجربہ ہے جسے الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے اور جی چاہتا ہے کہ انسان وطنِ عزیز کی حفاظت کے لیے محافظوں کے شانہ بشانہ مادرِوطن کے ایک ایک حصہ کی حفاظت کے لیے سر دھڑ کی بازی لگا دے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے شاہین اورجانباز خالصتاً دفاع وطن کے جذبے کے تحت جب اپنی جان ہتھیلی پر لے کر نکلتے ہیں توپاکستانی قوم کی دعاوں کے حصار میں ہوتے ہیں جوہر مخلص سپاہی کا اثاثہ ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=66117