
اسلام آباد ۔ یکم جون(اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ بھارت خطے کے امن و استحکام میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے‘ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے ہے‘ کنٹرول لائن پر مسلسل جارحیت اور بے گناہ کشمیریوں پر ظلم قابل مذمت ہے‘ انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے حکومت‘ اراکین پارلیمنٹ‘ سیاسی جماعتوں اور علمی و تحقیقی اداروں کو فعال کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے‘ افغان قیادت کو باہمی تعاون سے سرحدی نظم و نسق بہتر بنانے کی دعوت دیتے ہیں‘ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ پورے خطے کے لئے ترقی و خوشحالی کا ذریعہ بنے گا‘ پاکستان میں شرح نمو گزشتہ دس سال میں سب سے بلند سطح پر ہے‘ زرمبادلہ کے ذخائر 23 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکے ہیں‘ افراط زر میں نمایاں کمی ہوئی ہے‘عالمی ادارے اس بہتری کا اعتراف کر رہے ہیں، غربت کے خاتمے کے لئے قومی سطح پر سخت محنت کی ضرورت ہے‘پاکستان نے سفارتی میدان میں بھی اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، پاکستان نے اسلامی دنیا کے مسائل کے حل کے لئے ہمیشہ مخلصانہ کردار ادا کیا ہے، اقوام متحدہ کو مزید موثر اور مفید بنانے کے لئے سلامتی کونسل میں اصلاحات ضروری ہیں۔