صدر مملکت ممنون حسین کا ڈاکٹر رتھ فاو کے انتقال پر اظہار تعزیت

116

اسلام آباد ۔ 10 اگست (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے ڈاکٹر رتھ فاو کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ جمعرات کو ایوان صدر سے جاری ایک بیان میں انہوں نے ڈاکٹر رتھ فاو کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر رتھ نے جزام کے خاتمہ کے لئے ناقابل فراموش خدمات سر انجام دی ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ ڈاکٹر رتھ نے انسانیت کی فلاح کےلئے اپنا وطن چھوڑ کر پاکستان کو اپنا وطن بنایا۔ پاکستانی قوم اس عظیم خدمت کےلئے ڈاکٹر رتھ فاو کی خدما ت کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر رتھ کی قائم کردہ خدمت کی عظیم روایت کو برقرار رکھا جائے گا اور ان کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ ڈاکٹر رتھ فاو کے ہاتھوں شفایاب ہونے والے لاکھوں مریض ان کی ابدی زندگی کےلئے دعا گو ہیں۔