اسلام آباد ۔ 23 مارچ (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کا قیام ایک جمہوری جدوجہد کے نتیجہ میں عمل میں آیا، اس کی بقاءاور ترقی بھی جمہوریت ہی سے وابستہ ہے، مجھے یقین ہے کہ پارلیمنٹ، عوام اور تمام ادارے اس مقصد کے لئے ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں گے، قوم ایک جمہوری نظام کے تحت درپیش مختلف چیلنجوں سے نمٹنے کی جدوجہد کر رہی ہے، جذبہ ءحب الوطنی، خلوص، عزم اور ایمانداری پر مبنی ہماری اجتماعی کوششیں ملک کو ترقی کی نئی منازل کی جانب گامزن کرنے میں مددگار ہوں گی۔ انہوں نے یہ بات یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی جو آج (جمعرات) کو منایا جا رہا ہے۔