صدر مملکت ممنون حسین کو پاکستان میں تعینات تین ممالک کے سفیروں نے پروقار تقریب میں اپنی سفارتی اسناد پیش کیں،

155

اسلام آباد ۔ 2 اگست (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین کو پاکستان میں تعینات تین ممالک کے سفیروں نے منگل کو ایوان صدر میں ایک پروقار تقریب میں اپنی سفارتی اسناد پیش کیں۔ اسناد سفارت پیش کرنے والوں میں ڈنمارک، ملاوی اور سلوواک کے سفیر شامل تھے۔ اس سے قبل ہر ملک کے نامزد سفیر کوعلیحدہ علیحدہ بگی پرایوان صدر کے مرکزی دروازے پر لایا گیا جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر متعلقہ ملک کا اور پاکستانی قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ اس کے بعد تعینات سفیروں نے فرداً فرداً صدر مملکت سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ اور برادرانہ تعلقات چاہتا ہے خاص طور پر خطے میں امن اور ترقی کے لئے ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات بہت اہم ہیں۔ صدرمملکت نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور ان مواقع سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو بھر پور فائدہ اٹھانا چاہئے۔