
اسلام آباد ۔ 29 نومبر (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالنے پر جنرل زبیر محمود حیات کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ملک ان کے تجربہ اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے فائدہ اٹھائے گا۔ انہوں نے یہ بات منگل کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات کو ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد ملاقات کے دوران کہی۔ صدر مملکت نے پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپریشن ضربِ عضب سے دہشت گردی پر قابو پانے میں مدد ملی اور ملک میں امن و امان قائم ہوا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اپنے مادر وطن کی حفاظت کےلئے پوری طرح تیار ہیں۔