
اسلام آباد ۔ 23 جنوری (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ دنیا کو تشدد اور انتہاءپسندی کے خلاف متحد ہونا چاہئے، پاکستان نے بہتر حکمت عملی سے دہشت گردی پر قابو پالیاہے ، رابطہ عالم اسلامی کو آپس میں اتفاق پیدا کرنے کےلئے لائحہ عمل بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے یہ بات پیر کویہاں ایوان صدر میں رابطہ عالم اسلامی (مسلم ورلڈ لیگ) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم ال عیسیٰ سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، سینیٹر علامہ ساجد میر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی نے پاکستان کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے لیکن بہتر حکمت عملی کی وجہ سے پاکستان نے اس پر قابو پا لیا ہے، دہشت گردی پاکستان کا ہی نہیں بلکہ اقوام عالم کا مسئلہ ہے جس پر قابو پانے کےلئے او آئی سی سمیت تمام ممالک کو مل کر حکمت عملی بنانا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ جو ممالک دہشت گردی سے متاثر ہوئے ہیں وہاں کے عوام اور وہاں بنیادی ڈھانچے کی بحالی کےلئے نظام بنایا جائے، اب وقت آ گیا ہے کہ دہشت گردی کا بھرپور طریقے سے مقابلہ کیا جائے کیونکہ دہشت گردی کی وجہ سے مسلمانوں کا دنیا بھر میں تاثر خراب ہوا ہے۔