
اسلام آباد ۔ 19 ستمبر (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں آئی ٹی یونیورسٹی کے قیام سے سماجی اور اقتصادی ترقی کا عمل تیز ہو گا اور تعلیم کے شعبے میں مزید غیر ملکی سرمایہ کاری کا خوش دلی سے خیر مقدم کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے وفد سے بات کرتے ہوئے کہی جس نے منگل کو ان سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ وفد میں غیر ملکی ملٹی نیشنل کمپنیوں کے سربراہان شامل تھے۔ ملاقات میں سینیٹر کامران مائیکل بھی موجود تھے۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ تعلیم انسانی صلاحیتوں میں اضافے کا سب سے بڑا ذریعہ ہے اور موجودہ حکومت سماجی و اقتصادی شعبے میں ترقی کے لئے بہت محنت کر رہی ہے۔