
اسلام آباد ۔ 23 ستمبر (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ اسلامی ممالک کے درمیان تجارت میں اضافہ بہت ضروری ہے، او آئی سی کے رکن ممالک اپنی ضروریات اسلامی ممالک کی مصنوعات سے پوری کریں، پاکستان اور مراکش کے درمیان باہمی تجارت صلاحیت سے کم ہے جسے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو مراکش کے سبکدوش ہونے والے سفیر مصطفی صلاح الدین سے ایوان صدر میں ملاقات کے دوران کہی۔ صدرمملکت نے کہا کہ تجارت میں اضافہ کے لیے پاکستان اورمراکش کے درمیان غیر ضروری ٹیکسوں کا خاتمہ ہونا چاہئے تاکہ تجارتی سرگرمیاں بڑھیں اور دونوں اقوام ایک دوسرے کے مزید قریب ہو سکیں۔