
اسلام آباد ۔ 06 اپریل (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستانی سفارکار اقتصادی سفارتکاری پر توجہ مرکوز کریں تاکہ عالمگیریت کے ثمرات سے استفادہ کیا جاسکے اور عالمی برادری کے ساتھ پاکستان کے تجارتی اور معاشی تعاون میں اضافہ ہو سکے۔ انہوں نے یہ بات ملک کی پہلی خاتون سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعرات کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے تہمینہ جنجوعہ کو ان کی نئی ذمہ داریوں پر مبارکباد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ وہ اپنی بہترین صلاحیتوں کے ساتھ عالمی سطح پر پاکستان کے مفادات کا تحفظ کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی مقصد بین الاقوامی تعاون کے ذریعے امن و استحکام کا فروغ ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ عالمی برادری پر پاکستان متحرک، ترقی پسند اور معتدل جمہوری اسلامی پاکستان کے تصور کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔