
اسلام آباد ۔ 06 مارچ (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ نوجوانوں اور طلبا کا قومی ترقی میں کردار انتہائی اہم ہے اور وہ مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کی تیاری کریں، اس لیے ضروری ہے کہ وہ جدید دنیا اور نئے سماجی ، سیاسی اور معاشی رجحانات کو سمجھنے کے لیے زیادہ سے زیادہ مطالعہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کیڈٹ کالج حسن ابدال کے طلباء سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔صدرِ مملکت نے کہا کہ قومی ترقی کا حصول صرف اسی صورت میں ممکن ہے جب طلباء اور نوجوان نسل اخلاص کے ساتھ اس مقصد کے لیے خود کو وقف کر دیں۔ انہوں نے سائنس کی تعلیم کے حصول پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ اس دور کی اہم ضرورت ہے کیونکہ آنے والا وقت سائنسی ترقی اور ایجادات کا ہی دور ہوگا۔