اسلام آباد۔8جنوری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزرا نے مری میں المناک واقعہ میں قیمتی جانوں کے نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں صدر مملکت نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندانوں کو یہ صدمہ ہمت سے برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ مری انتظامیہ تفریحی مقام پر پھنسے لوگوں کو بحفاظت نکال لے گی۔وزیراعظم عمران خان نے مری میں سیاحوں کی المناک ہلاکتوں پر اپنے صدمے اور غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مری کے رستے میں سیاحوں کی المناک اموات پرنہایت مضطرب اور دلگرفتہ ہوں۔ ضلعی انتظامیہ خاطرخواہ تیار نہ تھی کہ غیرمعمولی برفباری اورموسمی حالات کوملحوظِ خاطر رکھے بغیرلوگوں کی بڑی تعداد امڈ آئی ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات اورایسے سانحات کی روک تھام کیلئے کڑے قواعد لاگوکرنے کے احکامات صادرکرچکاہوں۔مستقبل میں ایسے سانحات سے بچنے کے لیے انکوائری اور ضابطے بنانے کا حکم دیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ حکومت اس مشکل وقت میں پوری طرح الرٹ اور عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور مزید کہا کہ صورتحال بہتر ہورہی ہے کیونکہ تمام متعلقہ محکمے صورتحال پر قابو پانے میں مصروف ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران مری میں غیر معمولی برفباری ہوئی جس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کا نقصان ہوا۔
انہوں نے کہا کہ کلڈ نہ اور باڑیاں سب سے زیادہ متاثرہ علاقے ہیں اور ان علاقوں میں انسانی جانوں کا نقصان بھی ہوا۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو وہاں پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مری انتظامیہ وہاں کام کر رہی ہے، پاک فوج کی پانچ پلٹون بھی کام کر رہی ہیں جبکہ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) نے سڑکوں سے برف ہٹانے کے لیے اپنی مشینری وہاں منتقل کر دی ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ایکسپریس وے کو کلیئر کر دیا گیا ہے جب کہ خیبرپختونخوا حکومت نے نتھیا گلی سائیڈ سے تمام راستے کھول دیئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود، جو پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر بھی ہیں نے کہا کہ تمام پارٹی کارکنوں اور تنظیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مری کی صورتحال کے حوالے سے اپنی صلاحیتوں کے مطابق ہر ممکن تعاون کریں۔
وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے مری میں شدید برف باری سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحوں کو بچانے کے لیے پاک فوج کے جوان اور امدادی ٹیمیں مسلسل مصروف عمل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پھنسے ہوئے سیاحوں کا انخلا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مقامی لوگوں کے کردار کو سراہا جنہوں نے اس مشکل صورتحال میں پھنسے ہوئے سیاحوں کو گرم کپڑے، کمبل اور کھانے پینے کی اشیا فراہم کرکے ان کی مدد کی۔