صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور ان کے چینی ہم منصب شی جن پنگ کی گریٹ ہال بیجنگ میں ملاقات،پاک۔چین سٹرٹیجک تعلقات کے تمام پہلوﺅں پر گفتگو

73

بیجنگ ۔ 17 مارچ (اے پی پی) پاکستان اور چین کی قیادت نے مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے مل کر اقدامات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق منگل کو صدر ڈاکٹر عارف علوی اور ان کے چینی ہم منصب شی جن پنگ کے مابین گریٹ ہال بیجنگ میں ملاقات کے دوران پایا گیا۔ بات چیت کے دوران پاک۔چین سٹرٹیجک تعلقات کے تمام پہلوﺅں کو زیر بحث لایا گیا۔ اس موقع پر پاکستان اور چین کے مابین مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کئے گئے۔ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر بھی ملاقات میں موجود تھے۔ چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا کہ مشکل وقت میں چین کے دورے پر مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام کے تعاون اور یکجہتی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ چین کی تعمیر و ترقی کا سفر اور غربت کے خاتمہ کےلئے اقدامات موجودہ تاریخ کی ایک سنہری مثال ہے، ہم اپنے چینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے چین آئے ہیں۔ چین کی حکومت اور چینی عوام نے کورونا چیلنج کا جس انداز میں مقابلہ کیا ہے وہ قابل تقلید ہے۔ صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ چین کی دور اندیش قیادت اور عزم و حوصلے سے سرشار چینی عوام نے ہر مشکل کا جوانمردی اور خندہ پیشانی سے مقابلہ کیا ہے جس انداز میں چین کی حکومت اور چینی عوام نے کورونا کے چیلنج کیا مقابلہ کیا ہے وہ قابل تقلید ہے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ چین کی تعمیر و ترقی کا سفر خصوصاً سماجی و معاشی ترقی اور غربت کے خاتمہ کےلئے اقدامات موجودہ تاریخ کی ایک سنہری مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ صدر شی جن پنگ اور چینی قیادت کی دور اندیشی اور خطہ کی ترقی کےلئے قابل عمل وژن کا عملی نمونہ ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں ٹڈی دل کے چیلنج سے نمٹنے کےلئے چینی حکومت کے تعاون کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت زراعت کے شعبہ کی ترقی کےلئے چینی تجربے سے استفادہ کرنا چاہتی ہے۔