صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور ایرانی ہم منصب صدر حسن روحانی کے درمیان باکو میں ملاقات

107

اسلام آباد ۔ 25 اکتوبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور ایران کے صدر حسن روحانی کے درمیان آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں ملاقات ہوئی۔ جمعہ کو یہاں ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ایرانی ہم منصب سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران کو ایک اہم ملک سمجھتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان 900 کلومیٹر سے زائد مشترکہ سرحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران میں عوامی سطح پر رابطوں سے دوطرفہ دوستی کے تعلق کو مزید تقویت ملی ہے۔ دونوں ممالک کو دوطرفہ اقتصادی تعلقات کومزید فروغ دینے کے لئے تجارتی صلاحیت سے بھرپور طور پر استفادہ کرنا چاہیے۔ صدر مملکت نے ایرانی ہم منصب کو بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلسل لاک ڈائون اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ صدر مملکت نے بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی مسلسل حمایت پر ایرانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ صدر مملکت غیر وابستہ تحریک کے 18 ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں موجود ہیں۔