اسلام آباد ۔ 13 دسمبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں مزید استحکام پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ دونوں رہنماﺅں نے ریاض میں ملاقات میں کی اور دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ جمعرات کو یہاں دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق شاہ سلمان نے صدر کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور ان کے انتخاب ان کو مبارکباد دی۔ انہوں نے پاک۔سعودی عرب آزمودہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات تمام سطحوں پر شاندار ہیں۔ شاہ سلمان نے سعودی عرب کی ترقی و خوشحالی میں پاکستانی برادری کے مثبت کردار کو بھی سراہا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے رشتوں کو اجاگر کیا جو مشترکہ عقیدے، ثقافت اور اقدار سے عبارت ہیں۔ انہوں نے کئی علاقائی اور بین الاقوامی ایشوز پر دونوں ممالک کے مشترکہ موقف کو سراہا۔ صدر نے وزیراعظم کے حالیہ دورہ سعودی عرب کا ذکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ صدر نے وژن 2030ءکے تحت سعودی عرب کی ترقی کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی برادری دونوں ممالک کی ترقی کے حوالہ سے اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔ صدر نے شہزادی الجواہرہ بنت فیصل السعود کے انتقال پر تعزیت بھی کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=125930