
اسلام آباد ۔ 22 مارچ (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد نے جمعہ کو ایوان صدر میں ون ٹو ون ملاقات کی اور وفود کی سطح پر گفت و شنید کی۔ ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی اور دوطرفہ تعلقات کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماﺅں نے بدعنوانی کے خلاف مہم اور اپنی اقتصادیات کی بہتری کے لئے کاوشوں سمیت دونوں ممالک کے درمیان مشترک امور کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ای۔ کامرس کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو سٹریٹجک پارٹنرشپ کی سطح پر بڑھانے سے مختلف شعبوں میں ٹھوس اور وسیع تر تعاون کی راہ ہموار ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ نئی شراکت داریوں کے ابھرنے اور خطے پر اس کے اثرات کے تناظر میں عالمی سیاست میں رونما ہونے والی تبدیلی کے پیش نظر دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون بہت اہم ہے۔ صدر نے کہا کہ پاکستان ملائیشیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ عقیدے، ثقافت اور ورثے کی ٹھوس بنیادوں پر مبنی خوشگوار اور قریبی تعلقات استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ موجودہ شاندار دوطرفہ تعلقات کو سٹریٹجک اور معاشی لحاظ سے مزید تقویت دی جائے تاکہ آنے والے برسوں میں دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ سطح پر باقاعدہ تبادلے باہمی تعلقات کو سٹریٹجک سمت فراہم کرنے اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لئے ناگزیر ہے۔ بعد ازاں صدر مملکت نے ملائیشیا کے وزیراعظم اور ان کے وفد کے اعزاز میں ضیافت بھی دی۔