صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے آئیوری کوسٹ کے پارلیمانی وفد کی ملاقات ، معیشت، تجارت اور ثقافت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ

179

اسلام آباد۔14فروری (اے پی پی):پاکستان اور آئیوری کوسٹ نے معیشت، تجارت اور ثقافت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے لیے اعلیٰ سطح پر تبادلوں کی حوصلہ افزائی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے آئیوری کوسٹ کے پارلیمانی وفد نے قومی اسمبلی کے صدر اداما بکٹوگو کی قیادت میں منگل کو ایوان صدر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف بھی موجود تھے۔

وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان آئیوری کوسٹ کو ایک اہم ملک سمجھتا ہے اور اپنی "انگیج افریقہ” پالیسی کے تحت افریقی ممالک کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں اچھے تعلقات ہیں جنہیں ترقی کے عمل میں ایک دوسرے کی مدد کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے بڑے امکانات ہیں، انہوں نے آئیوری کوسٹ کے تاجروں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کا دورہ کریں اور یہاں دستیاب سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔

انہوں نے دو طرفہ تعلقات کی موجودہ سطح پر اطمینان کا اظہار کیا جیسا کہ دونوں ممالک مختلف مسائل پر متفقہ خیالات رکھتے ہیں اور مختلف بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے 2004 سے 2017 تک یو این او سی آئی کے تحت آئیوری کوسٹ میں اقوام متحدہ کے امن مشن میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ آئیوری کوسٹ کے استحکام اور ترقی کے لیے بین الاقوامی کوششوں کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے آئیوری کوسٹ کی قومی اسمبلی کے صدر سے یہ بھی کہا کہ وہ اسلام آباد میں اپنا سفارتی مشن قائم کریں جو دو طرفہ تعاون کو مزید بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان نے کوویڈ-19 سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے علاوہ دہشت گردی کی لعنت پر کامیابی سے قابو پالیا ہے۔ صدر مملکت نے وفد سے آئیوری کوسٹ کی قیادت کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ وفد کا دورہ دو طرفہ تعلقات کو وسعت دینے میں اہم قدم ثابت ہوگا۔ اس موقع پر اداما بکٹوگو نے کہا کہ ان کے ملک کی قیادت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانا چاہتی ہے۔

انہوں نے صدر مملکت کو اپنے ملک کی جانب سے اپنی معیشت کی بہتری کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹرینز کو دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اور اقتصادی تعلقات کو بہتر بنانے میں کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے حکومت پاکستان کی جانب سے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر صدر کا شکریہ ادا کیا۔